فلو ریڈا (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز قومی فاسٹ بالر حارث رئوف کی حمایت میں سامنے آگئے۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے ہی رانڈ سے باہر ہونے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا فلوریڈا سے وطن واپسی کا سفر شروع ہوگیا ہے تاہم عماد وسیم، محمد عامر، حارث رئوف، شاداب خان اور اعظم خان کچھ روز امریکا میں ہی قیام کریں گے۔فلوریڈا میں موجود قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رئوف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں ایک مداح کے ساتھ تکرار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
حارث رئوف اپنی اہلیہ کے ہمراہ چہل قدمی کررہے تھے کہ اس دوران ایک مداح نے ان سے تصویر لینے کا مطالبہ کیا اور پھر مداح نے کچھ نازیبا کلمات ادا کیے جس پر حارث رئوف انہیں مارنے کے لیے دوڑے تاہم اس دوران وہاں موجود دیگر لوگوں نے معاملہ ختم کروایا۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا آپ جو بھی ہوں ایسی زبان کے استعمال کی ہمیشہ مذمت کرنی چاہیے، انہوں نے حارث رئوف کو پیغام دیا مضبوط رہو میرے بھائی۔قومی ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان نے بھی حارث رف کے معاملے پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہماری کارکردگی پر تنقید کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے، ہم اسے تسلیم کرتے ہیں، غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم کسی پر ذاتی حملہ ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے لکھاکہ کسی پر ان کی فیملی کی موجودگی پر ذاتی حملہ کرنا ٹھیک نہیں ہے، آپ کیا محسوس کریں گے جب کوئی خاندان کے ساتھ آپ پر ذاتی حملہ کرے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر حارث رف کی ویڈیو دیکھی، میں تمام شائقین سے گزارش کرتا ہوں کہ تنقید ضرور کریں تاہم اہل خانہ کا احترام مت بھولیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیں ملکر محبت، امن واحترام اور کرکٹ کے لیے محبت کو فروغ دیں، ہم سب پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے حارث رئوف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو کرکٹرز کی نجی زندگی کا احترام کرنا چاہیے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا شائقین کو معلوم ہونا چاہیے، کرکٹر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے درمیان حدود کا احترام کیسے کرنا ہے، یہ بنیادی اخلاقیات ہیں اور ایک عاجزانہ درخواست ہے۔