اسلام آباد(نیوزڈ یسک )مشرقی ہمالیہ میں بارش میں چھینکیں لینے والے پچکے ناک والے بندر، چلنے والی مچھلی، موتی جیسے سانپ سمیت پرندوں، جانوروں اور پودوں کی 200 سے زائد نئی اقسام دریافت ہوئی ہیں۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق بھوٹان، شمالی مشرقی بھارت، نیپال، شمالی برما اور جنوبی تبت سے پودوں کی 133، مچھلیوں کی 26، خشکی اور پانی میں رہنے والے جانوروں کی 10 اقسام دریافت کی گئی ہیں۔ پچکے ناک والے بندر کا ناک اوپر کو مڑا ہوا ہے، اس لئے جب بھی بارش ہوتی ہے، اسے چھینکیں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔ سانپ کے سر والی مچھلی حیران کن طور پر پانی کے بغیر چار روز تک زندہ رہ سکتی ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف برطانیہ کے سربراہ ہیتھر سوہل کا کہنا ہے کہ نئی دریافتوں سے ثابت ہوتا ہے کہ اب بھی دنیا میں بہت سی ایسی نسلیں ہے جن کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے مگر یہ امر افسوس ناک ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بہت سی جانوروں کی قسموں کے معدوم ہونے کا خدشہ ہے۔