لاہور( این این آئی)حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق نوٹیفکیشن کے مطابق لرنر لائسنس کی فیس 300سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس تین ہزار روپے ہو گی ، پی ایس وی لائسنس کی فیس بڑھا کر 10ہزار روپے اور موٹر سائیکل لائسنس کی فیس بھی 10ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ شہریوں کو اب ہر قسم کے لائسنس پر دو ہزار روپے ڈیجٹیلائزیشن فیس بھی ادا کرنی ہو گی ، نئی فیسوں کا اطلاق آج سے ہو جائے گا ۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن سروسز میں ایک اور اضافہ کیا گیا تھا جس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اب شہریوں کو اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید گھر بیٹھے کرنے سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ٹریفک پولیس پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے ڈرائیونگ لائسنس سسٹم میں جدت لائی گئی ہے۔شہری پہلے لرنر لائسنس اور لرنر لائسنس کی تجدید آن لائن حاصل کر رہے تھے۔آج سے شہری اپنے ریگولر لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس کی خود تجدید آن لائن کر رہے ہیں۔ آج سے شروع کی گئی سروسز میں اب تک 842 شہری ریگولر آن لائن لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کر چکے ہیں۔10 شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کیلئے اپلائی کر دیااور17566 نے نیو لرنر جبکہ 3295 شہریوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کیا ہے۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ شہری اب گھر بیٹھے ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروا رہے ہیں جبکہ آن لائن لائسنس سروسز سے خدمت مراکز اور دیگر ٹریفک دفاتر کے رش میں کمی آئے گی۔