کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ کے ٹاؤن کچلاک کی ایک مسجد میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور5 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور متاثرہ مقام کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دیسی ساختہ بم مسجد میں پھنکا گیا ، دھماکے کا ہدف امام مسجد تھے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 5 یولیس اہلکار بھی شامل ہیں، شہید اور زخمی پولیس اہل کاروں کا تعلق ایگل سکواڈ سے ہے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان کے شہر چمن میں کلی فیضو میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہل کار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
شہید اہلکار کی شناخت عبدالرحمٰن مروت ، زخمی اہلکار کی شناخت عبدالناصر کے نام سے ہوئی ہے۔سییکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے، زخمی اہل کار کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے