اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے154لودھراں ون سے دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن)کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو ایک لاکھ 27ہزار 984ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون ایک لاکھ20ہزار 683ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقہ میں 20ہزار 816ووٹ مسترد ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ریٹرننگ افسر نے این اے154لودھراں میں دوبارہ گنتی سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دوبارہ گنتی کے عمل میں امیدواروں کے نمائندے بھی موجود تھے اور قومی اسمبلی کے حلقے کے بیگز سے صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز نکلے۔رپورٹ کے مطابق بیلٹ پیپرز کے تھیلوں کی سیلیں بالکل درست تھیں، کچھ پریذائڈنگ افسران نے انتخابی عمل کو فالو نہیں کیا اور متعلقہ پریذائڈنگ افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی۔اس میں کہا گیاکہ دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ(ن)کے عبدالرحمن کانجو کے ووٹ ایک لاکھ 27ہزار 984نکلے، آزاد امیدوار فراز نون کے ایک لاکھ 20ہزار 683ووٹ نکلے۔