اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسم کے ممکنہ سلسلے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے لئے ضروری ہدایات جاری کر دیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے موسمی صورتحال سے آگاہی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جاری ہدایات میں کہا گیا کہ سیاح پہاڑی علاقوں کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا ارادہ کریں۔ جس علاقے میں سفر کا ارادہ ہو، وہاں کی انتظامیہ کے اہم نمبر پاس رکھیں۔
عوامی آگاہی کیلئے مقامی زبانوں میں پیغامات کی رسائی یقینی بنائی جائے۔این ڈی ایم اے ممکنہ آفات کی قبل از وقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر عوام تک پہنچا نے کیلئے جلد ہی موبائل ایپلی کیشن کا آغاز کر رہا ہے۔ آئندہ چار روز کے لئے موسمیاتی پیشنگوئی کے مطابق 15مارچ کو ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہے گا اور 16مارچ کو ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہے گاجبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح 17 اور 18مارچ کو ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔