کراچی(این این آئی)ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایان اور انابیہ کو 10 لاکھ روپے تاوان کیلیے اغوا کیا گیا تھا۔رینجرز ترجمان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم والدہ کو دونوں بچوں کے اغوا اور تاوان سے متعلق کال موصول ہوئی تھی۔رینجرز ترجمان نے کہا کہ جدید تکنیکی ذرائع سے بچوں کا سراغ لگایا گیا، اغواکار گرفتاری سے بچنے کیلیے بچوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ نے اغوا برائے تاوان کی واردات کو ناکام بنادیا۔ترجمان رینجرز نے کہا کہ 12مارچ کونارتھ ناظم آباد سے کم عمر بہن بھائی ایان اور انابیہ لاپتہ ہوئے تھے۔دوسری طرف پولیس کے مطابق بچوں نے بتایاکہ وہ خود گئے تھے، بچوں کی والدہ کے مطابق جو لوگ بچوں کو لے کر گئے تھے وہی چھوڑ کرگئے ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے کہا کہ دونوں بچے خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں، بچوں نے بتایاکہ وہ خود گھر سے گئے تھے۔ایس ایس پی سینٹرل نے مزید کہا کہ بچوں کا پولیس بیان ہوجانے کے بعد میں خود بھی ان سے ملاقات کروں گا۔