لاہور ( این این آئی) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن نے مختلف کیٹیگریز اور صفحات کے پاسپورٹ کی فیس میں اضافہ کر دیا ۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن سے پاسپورٹ کی بروقت ادائیگی کا بحران تو ختم نہ ہو سکا لیکن پاسپورٹ کی فیس میں اضافہ کر دیا گیا۔
پانچ سال کے 36صفحات والے نارمل پاسپورٹ کی فیس 3ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 4ہزار روپے کر دی گئی جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 5ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 7ہزار رروپے ، دس سال والے پاسپورٹ کی نارمل فیس 4ہزار 500سے بڑھا کر 6ہزار 700اور ارجنٹ کی فیس 7ہزار 500سے بڑھا کر 11ہزار 200روپے کردی گئی ہے۔اسی طرح پانچ سال کے 72صفحات والے نارمل پاسپورٹ کی فیس 8ہزار 200، ارجنٹ کی ساڑھے 13ہزار، دس سال والے پاسپورٹ کی فیس 12ہزار 400اور ارجنٹ کی 20 ہزار 200روپے کردی گئی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ ای پاسپورٹس کی فیسیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئی فیسوں کا اطلاق 7مارچ کے بعد بنائے گئے پاسپورٹس پر ہوگا۔