اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اگر آپ ونڈوز 95 استعمال کر چکے ہیں تو یقینا اس کا ایک انتہائی دلچسپ فیچر آپ کو آج بھی یاد ہو گا، اور یہ فیچر تھا ونڈوز کے آغاز پر سنائی دینے والا مختصر میوزک، جسے ونڈوز سٹارٹ اپ میوزک بھی کہا جاتا تھا۔ اس میوزک کے مداح تو دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ اس کی دھن مشہور برطانوی موسیقار برائن اینو نے ترتیب دی تھی۔ اس راز کے بارے میں پہلی دفعہ خود برائن اینو نے ہی ایک انٹرویو میں بات کی۔جب انہیں ونڈوز 95 کا یہ مختصر میوزک سنوایا گیا اور ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہوں نے اسے ایک پی سی پر لکھا، تو ان کا جواب تھا، ”نہیں میں نے اسے ایک میک پر لکھا۔ میں نے اپنی زندگی میں پی سی کبھی استعمال ہی نہیں کیا۔ میں انہیں پسند نہیں کرتا۔“برائن نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ مائیکروسافٹ نے انہیں 150 لفظوں، مثلاً متاثرکن، جذبہ پیدا کرنے والا، اشتعال دلانے والا، اداس کرنے والا، ہنسانے، رلانے والا، جیسے الفاظ کی فہرست دی اور کہا کہ ان الفاظ کی روشنی میں وہ ایک دھن ترتیب دیں، مگر خیال رکھیں کہ اس کا دورانیہ 3.8 سیکنڈ سے زیادہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے موسیقی کے 83 مختلف ٹکڑوں کو جوڑ کر یہ یادگار میوزک ترتیب دیا۔