میرپور (این این آئی)یونان کشتی حادثے میں اب تک کوٹلی سے تعلق رکھنے والے 166 نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)پولیس میر پور خالد محمود چوہان نے کہا کہ یونان کشتی حادثے میں مزید 88 لاپتہ نوجوانوں کے والدین نے رابطہ کیا ہے اور 50 دیگر لاپتہ نوجوانوں کا ڈیٹا علاقائی سطح پرلوگوں کی مددسے جمع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے فوری بعد لاپتہ افرادمیں سے 28 نوجوانوں کے اہلخانہ نے رابطہ کیاتھا، اب تک کوٹلی کے لاپتہ کل 166نوجوانوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈی آئی جی میرپور کے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ یونان میں لاپتہ نوجوانوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ورثا قانون کے ڈر سے سامنے نہیں آ رہے، لوگوں سے تعاون کی اپیل کی ہے، لاپتہ نوجوانوں کے والدین پولیس کو معلومات فراہم کریں ہم ان کی مدد کریں گے۔ انہوں کہا کہ لاپتہ نوجوانوں میں سے کچھ ابھی یونان کی جیل میں اورکچھ تفتیش کے مراحل میں ہیں۔
یاد رہے کہ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کے خواہشمند تارکین وطن کی کشتی 14 جون کو یونان کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گئی تھی۔ابتدائی طور پر کشتی ڈوبنے سے 78 افراد ہلاک ہوئے تھے بعد ازاں 4 مزید لاشیں ملیں تھیں جس کے بعد اموات کی تعداد 82 ہوگئی اور104 کو بچالیاگیاتھا جن میں سے 12 کا تعلق پاکستان سے ہے۔کشتی میں پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریبا 750 تارکین وطن سوار تھے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کشتی میں سوار پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 350 ہے جب کہ 281 فیملیز نے رابطہ کیا ہے کہ ان کے بچے اس حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں۔