اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سیاسی جوڑ توڑ میں تیزی آگئی، نئی پارٹی کی تشکیل کے معاملات فائنل راؤنڈ میں داخل، ترین سے سردار تنویر کی ملاقات، ترین گروپ میں شامل ہونیوالوں کی سنچری ہوگئی، پی ٹی آئی کے سابقین الگ گروپ کیلئے کوشاں ہیں۔
جنگ اخبار میں طاہر خلیل کی خبر کے مطابق آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات کے حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ عام انتخابات میں پنجاب کی پولٹیکل گیم پر بات چیت ہوئی، تاہم لاہور میں ایک نئی پارٹی کے قیام کے سلسلے میں جہانگیر ترین کی سیاسی ملاقاتوں کا زور تیز ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نعمان لنگڑیال اور تحریک انصاف چھوڑنے والے دیگر ارکان کی ملاقاتیں جاری ہیں، آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے جہانگیر ترین سے ملاقات کرکے گروپ کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا۔
جہانگیر ترین کے ذرائع گروپ میں شامل ہونے والوں کی سنچری مکمل ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں، لاہور میں سابق وزیراعلیٰ میاں منظور وٹو کی بھی جہانگیر ترین سے اہم ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ایک اور الگ دھڑا بنانے کی تیاریاں شروع دی ہیں۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزراء مراد راس اور ہاشم ڈوگر نے اجلاس بلا لیا، اجلاس کا مقصد الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الگ گروپ تشکیل دینا ہے، پی ٹی آئی کے 35 سے زائد رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز اجلاس میں شریک ہوں گے۔