اسلام آباد(نیوز ڈیسک)قومی و سائل کی لوٹ مار اور کرپشن روکنے کیلئے نیب نے یکساں احتساب کی حکمت عملی اپنالی، ایک سابق صدر ،دو سابق وزرائے اعظم، دو سابق وزرائے اعلی ،ایف بی آر کے تین سابق چیئرمین اور5 وفاقی سیکرٹریز سمیت 300 اہم شخصیات نیب کے نشانے پر آگئی ہیں، ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم سے مختلف ایجنسیوں کی کرپشن اور دیگر الزا م بارے تفتیش میں منی لانڈرنگ کے حوالے سے ٹھوس پیشرفت ہوئی ہے۔ اس ضمن میں نیب نے بھی سندھ میں4 افراد کوشامل تفتیش کرلیا ،ذرائع نے تصدیق کی کہ یکساں احتساب کی حکمت عملی کے ذریعے کئی سیاستدان ، سینئر بیورو کریٹس اوربزنس کمیونٹی سمیت دیگر شعبوں میں بد عنوانیوں میں ملوث 300 افراد نیب کے زیر تفتیش ہیں، بعض حلقوں کا یہ تاثر درست نہیں کہ صرف مخصوص سیاستدان نیب کا ہدف ہیں، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن)، اے این پی، مسلم لیگ(ق) کے کئی رہنما شامل تفتیش ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف گولڈ ریفرنس،ایس جی ایس کوٹیکنااور منی لانڈرنگ کے کیس پہلے سے چل رہے ہیں،اختیارات کے ناجائز استعمال کے تحت دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف کیخلاف 13 ریفرنسز تیار کرلئے گئے ہیں، نیب نے میگاسیکنڈلز میں ملوث جن 150 افراد کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کی تھی اس میں نواز شریف، شہباز شریف اورچوہدری شجاعت حسین کے نام بھی شامل تھے۔