نئی دہلی(نیوز ڈیسک) مودی کی جانب سے ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار پر طنز کے بعد بہاریوں نے وزیراعظم کو ڈی این اے کے سیکڑوں نمونے بھجوا دیئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ ماہ نریندر مودی نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ انتخابی تعلقات کے فیصلے پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے “سیاسی ڈی این اے” میں کچھ گڑبڑ ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں 2014 کے عام انتخابات سے قبل نتیش کمار نے مودی کے بحیثیت امیدوار حصہ لینے پر احتجاج کیا تھا اور ان کے سیکولر ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے تجویز دی تھی کہ وہ ہندوستان میں ہندووں اور مسلمانوں کے درمیان فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھا سکتے ہیں۔ نتیش کمار کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیراعظم نے اس طرف اشارہ کر کے کہ بہاریوں کے ڈی این اے میں مسئلہ ہے، بہاریوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، لہذا ریاست کے لوگ نریندر مودی کو ڈی این اے کے 50 لاکھ نمونے بھیجیں گے۔کمار کی جنتا دل یونٹ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ 60 ہزار لوگ وزیراعظم کے دفتر میں ڈی این اے کے نمونے بھیج چکے ہیں، جبکہ ریاستی دارالحکومت میں ان کے آفس میں 15 لاکھ ڈی این اے کے نمونے بھیجے جا چکے ہیں