اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے ملک بھر کے ہوٹلوں، چائے خانوں اور کافی شاپس پر شیشہ استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے شیشہ استعمال کے خاتمے سے متعلق چار ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے تمباکو نوشی کی روک تھام سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ تمام حکومتیں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عملدرآمد کیلئے کیا اقدامات کر رہی ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آج کل شیشے کے ذریعے تمباکو کے استعمال کا نیا کلچر پروان چڑھ رہا ہے، شیشے میں خوشبو ڈال کر کہا جاتا ہے کہ یہ مضر صحت نہیں۔سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل میں شیشے کے استعمال کا رجحان بہت زیادہ ہے نوجوان نسل شیشے کے استعمال کے نقصانات سے آگاہ نہیں، تمام حکومتیں اس ناسور کے خاتمے کیلئے کیا اقدامات اٹھا رہی ہیں، چار ماہ میں رپورٹ دی جائے۔