اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تھانہ ہمک کی حدود میں واقع ماڈل ٹاؤن کے ایک ہوٹل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر لڑکی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔پولیس ذرائع کے مطابق، دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہوٹل کے کمرے میں آئے تھے۔
کچھ دیر بعد ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر عمران اصغر نامی نوجوان نے غصے میں آ کر پستول نکالا اور فائرنگ کر دی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، عمران نے پہلے عائزہ شہزاد نامی لڑکی کے سر میں گولی ماری اور بعد میں خود پر فائر کر کے اپنی جان لے لی۔ زخمی لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت موجود دیگر لڑکا اور لڑکی موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاروں افراد ایک ہی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔ پولیس نے واقعے کی مزید چھان بین شروع کر دی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔