پنجاب (نیوز ڈیسک) — صوبہ پنجاب میں انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک نابینا خاتون کو مدد کے بہانے کئی ماہ تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اسے زبردستی بھیک مانگنے پر مجبور کیا گیا، جبکہ ملزم اب بھی آزاد ہے۔متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ایک شخص نے ہمدردی کا جھانسہ دے کر اسے اپنے ساتھ لاہور لے گیا، جہاں وہ مہینوں تک جنسی زیادتی کرتا رہا۔
خاتون کے مطابق، ملزم نہ صرف اس پر ظلم کرتا بلکہ زبردستی بھیک منگواتا اور ساری رقم خود رکھ لیتا تھا۔خاتون نے انکشاف کیا کہ ملزم نے نکاح کا وعدہ کر کے اسے سابق شوہر سے طلاق دلوائی، اس کے بعد طلائی زیورات اور نقدی بھی چھین لی۔ مسلسل اذیت کے بعد وہ کسی طرح ملزم کے چنگل سے فرار ہو کر اپنے علاقے بی پلاٹ واپس پہنچ گئی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ جب اس نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا تو ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ خاتون نے انصاف کے حصول کے لیے میڈیا سے مدد کی اپیل کی، جس پر پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔نابینا خاتون نے پولیس کے اعلیٰ حکام اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے اور اسے عبرت ناک سزا دے کر انصاف فراہم کیا جائے۔