اسلا م آباد (نیوزڈ یسک)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے استعفے کی منظوری تک وہ بدستور وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔اپنے جاری کردہ بیان میں گورنر نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ انہیں موصول ہو چکا ہے اور پیر کے روز دفتر کھلنے پر اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ استعفیٰ کی وصولی کی رسید بھی جاری کر دی گئی ہے، یہ استعفیٰ علی امین گنڈاپور کے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ہے، جسے قانونی ٹیم اس وقت جانچ پرکھ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔