کراچی(نیوزڈیسک) سندھ حکومت نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں 10 فیصد اضافے کی اجازت دیتے ہوئے اس سے زیادہ اضافے کی صورت میں کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔نجی اسکولز مالکان اور محکمہ تعلیم کے حکام کے درمیان اجلاس ہوا جس میں فیسوں میں اضافے سے متعلق کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نثارکھوڑو نے بتایا کہ نجی اسکولوں کو فیسوں میں 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی اور کسی اسکول کو 10 فیصد سے زائد فیس بڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ہر اسکول کی کیٹگری کے لحاظ سے فیس لکھ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس اسکول نے فیس کے معاملے پر عمل نہیں کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے جب کہ ہر اسکول کو 10 فیصد ضرورت مند بچوں کو داخلہ دینے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ فیسوں سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنا رہے ہیں جس میں اراکین اسمبلی،پرائیویٹ اسکولوں کےنمایندے، محکمہ تعلیم کےافسران شامل ہوں گے جب کہ ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن میں شکایتی سیل قائم کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واضح کیا کہ نجی اسکول فیسیں کم کریں یاپھراسکول بند کردیں۔واضح رہے پرائیوٹ اسکولوں میں فیسوں کے اضافے کے خلاف ملک بھر میں والدین احتجاج کررہے ہیں جب کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے بھی نوٹس لیا تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔