وزیرآباد (این این آئی)وزیرآباد میں چناب ٹول پلازہ کی کیش وین پر ڈاکوئوں نے دھاوا بول کر 3افراد کو قتل کردیا اور 64لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، سی پی او گوجرانوالہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے وزیرآباد میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی، چناب ٹول پلازہ کی کیش وین پر ڈاکوں نے دھاوا بول دیا، 2موٹر سائیکلوں پر سوار 4ڈاکوئوں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس کے نہ رکنے پر انہوں نے اندھادھند فائرنگ کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکوئوں کی فائرنگ سے وین ڈرائیور، منیجر اور سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان کیش سے بھرے دو بیگ لے کر فرار ہوگئے۔واقعے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی، جس میں ڈاکوئوں کو لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، فائرنگ کے بعد کیش وین الٹ گئی تھی۔سی پی او گوجرانوالہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل دیدیں جبکہ 4 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔