ڈیرہ مرادجمالی (این این آئی)ایپکا نے مطالبات منوانے کے لیے جون میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جائے، وفاقی حکومت پے اینڈ پنشن کمیٹی کے سفارشات پر فوری طور پر عملدرآمد کریں۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایپکا پاکستان عبداللہ بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے 75 سال سے ملک کے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جس کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہوچکا ہے اور قومی خزانے میں ملازمین کے تنخواہوں کے پیسے بھی موجود نہیں۔ ان کرپٹ حکمرانوں سے نہ مہنگائی کنٹرول ہوسکتی ہے۔ نہ عوام اور سرکاری ملازمین کو کوئی ریلیف دینے کے موڈ میں ہے۔
ملک کو IMF کے ساتھ گروی رکھ کر مزید قرضے لیے جارہے ہیں۔ ملازمین اور عوام پر یوٹیلیٹی بلز۔سوئی گیس کے رینٹ میں 500 روپے اضافہ۔مہنگائی کے سونامی کے بم گرا کر زندہ درگور کردیا ہے۔اب مزید ملازمین کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ اگر وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کیا گیا۔تو وفاقی بجٹ کے دن اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینگے۔