کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے جناح اسپتال میں ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات منوانے کےلیے مریضوں کی جانیں داو پر لگادیں ۔علاج نہ ہو نے پردو دن کے دوران مختلف وارڈز میں 9 مریض دم توڑ گئے ، لیکن مسیحاو¿ں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔کراچی کے سب سے بڑے جناح اسپتال میں لوگ جان بچانے آرہے ہیں مگر ڈاکٹروں کی بے حسی کے باعث موت کے منہ میں جارہے ہیں ۔حد تو یہ ہے کہ کچھ دیر پہلے گولیاں لگنے والے ایک شخص کو جناح اسپتال لایا گیا مگر کوئی اسے دیکھنے والا نہیں کیونکہ نام نہاد مسیحا تو پیسے بڑھوانے کی دھن میں شاید اندھے ہوگئے ہیں ۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث او پی ڈی ، تھیٹر تو بند ہیں ایمرجنسی میں بھی کام نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اب تک 9افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ 5افراد میڈیسن ڈپارٹمنٹ،دو افراد آرتھوپیڈک اور 2ایمرجنسی میں دم توڑ گئے۔ایک طرف کرب میں مبتلا مریضوں کی لاچارگی اور دوسری ڈاکٹر وں کا یہ حال ہے کہ احتجاج کے نام پر ہلا گلا چل رہاہے ، سیلفیاں لی جارہی ہیں ۔دوسری جانب انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے حوالے سے ڈی جی رینجرز اور متعلقہ ایس پی کو خط لکھ دیا ہے۔