پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں رواں سال شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ممکنہ ہیٹ ویو سے بچائو اور شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت، ریسکیو اور بلدیات سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کنٹرول رومز فعال بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ممکنہ شدید گرمی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حکام کے ایک اعلی اجلاس میں ممکنہ ہیٹ ویو سے بچائو کا پلان بنایا جائے گا جس پر ہر متعلقہ محکمہ من و عن عمل کرے گا۔ حکام نے کہا کہ ہر محکمہ کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق ایس او پیز کی تیاری کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اسی طرح محکمہ اطلاعات کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر آگاہی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت،محنت ،ریسکیو،ٹرانسپورٹ اور بلدیات کو ہیٹ سٹروک ریلیف سینٹر فعال بنانے کی ہدایات جاری کیں گئیں ہیں۔ تمام محکموں سے ایک ہفتے کے دوران پلان کی سمری طلب کی گئی ہے۔