اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب کو سہ ملکی سیریز کے باقی میچز کے لیے ون ڈے اسکواڈ سے فارغ کر دیا گیا ہے،
جبکہ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ صائم ایوب نے اپنی بیٹنگ میں بہتری لانے اور کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
ہیڈ کوچ سے مشاورت کے بعد صائم ایوب نے قومی ٹیم کا اسکواڈ چھوڑ کر مقامی کرکٹ میں حصہ لینے کی درخواست کی، جسے ٹیم مینجمنٹ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے منظور کرلیا۔
صائم ایوب کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو قومی ون ڈے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم سہ ملکی سیریز میں مسلسل تین میچز جیت کر پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔
سیریز کا پانچواں میچ کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



















































