اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کرکٹ کے عالمی میلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک مرتبہ پھر ایک ہی گروپ میں آمنے سامنے ہوں گے،
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2027 کے گروپس اور شیڈول سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے کو رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 8 اکتوبر 2027 کو شیڈول کیا گیا ہے۔ورلڈ کپ کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 اکتوبر 2027 کو کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم گروپ مرحلے میں اپنا تیسرا میچ 15 اکتوبر کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گی،
جبکہ 19 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ زمبابوے اور 22 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہوگا۔شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ 2027 کا افتتاحی میچ 2 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 17 اور 18 نومبر کو ہوں گے۔ورلڈ کپ کے نئے چیمپئن کا فیصلہ 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں ہونے والے فائنل میں ہوگا۔



















































