اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں سنگل نہ لینے پر بابر اعظم کو ناراض کرنے والے آسٹریلوی بیٹر اسٹیو سمتھ نے بالآخر اس معاملے پر اپنا مؤقف بیان کر دیا ہے۔میچ کے بعد پریزنٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو سمتھ نے آخری گیند پر بابر اعظم کے کھیلے گئے شاٹ پر سنگل نہ لینے کی وجہ بتائی۔ اس موقع پر پریزنٹر نے ان سے سوال کیا کہ سنگل سے انکار پر بابر اعظم کے ساتھ ان کی کیا بات چیت ہوئی تھی۔
اس پر اسٹیو سمتھ نے کہا کہ دسویں اوور کے بعد بابر نے انہیں پاور سرج لینے کا مشورہ دیا تھا۔ میں نے بابر سے کہا کہ مجھے ایک اوور مزید کھیلنے دیا جائے تاکہ میں چھوٹی باؤنڈری کی سمت پاور سرج لے کر زیادہ رنز بنانے کی کوشش کر سکوں۔ سمتھ کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ سنگل نہ لینے پر بابر اعظم خوش نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں پاور سرج دو اوورز پر مشتمل اضافی بیٹنگ پاور پلے ہوتا ہے، جس کے دوران فیلڈنگ ٹیم کو صرف دو کھلاڑی 30 گز کے دائرے سے باہر رکھنے کی اجازت ہوتی ہے، جس سے بیٹرز کو باؤنڈریز لگانے کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔ بیٹنگ ٹیم یہ پاور سرج 11ویں سے 20ویں اوور کے درمیان کسی بھی وقت استعمال کر سکتی ہے۔















































