اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں آسٹریلوی خاتون کرکٹرز کو ایک موٹرسائیکل سوار کی جانب سے نازیبا حرکت کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اندور شہر میں اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کی دو ویمن کھلاڑی ہوٹل سے کیفے جانے کے لیے نکلی تھیں۔ اس دوران ایک شخص موٹرسائیکل پر وہاں سے گزرا اور ایک کھلاڑی کے ساتھ نامناسب حرکت کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔واقعے کے فوراً بعد آسٹریلوی ٹیم نے اپنے سکیورٹی افسر کو اطلاع دی، جنہوں نے فوری طور پر مقامی پولیس سے رابطہ کیا اور مکمل تفصیلات فراہم کیں۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں جبکہ موقع پر موجود ایک عینی شاہد نے ملزم کی موٹرسائیکل کا نمبر بھی نوٹ کر لیا تھا، جس کی مدد سے مشتبہ شخص کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا پہلے سے مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور اسے تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔کرکٹ شائقین اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح کے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آنا بھارتی سکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان ہے۔















































