اسلام آ باد(نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی بورڈ کی شکایت پر پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کردیا۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجی گئی رپورٹ پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کو وضاحت کے لیے میچ ریفری کے سامنے پیش ہونا پڑا۔یاد رہے کہ 21 ستمبر کو ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد بلے کو گن کی مانند تھام کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا، جس پر بھارتی بورڈ اور شائقین نے اعتراض کیا۔
اسی میچ میں حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد اور باؤنڈری لائن کے قریب بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ پر ردعمل دیتے ہوئے طیارہ گرتے ہوئے دکھانے کا اشارہ کیا تھا، جسے غیر مناسب قرار دیا گیا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو صرف وارننگ دی گئی اور کوئی جرمانہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 14 ستمبر کو کھیلے گئے پاک بھارت میچ کے بعد پریزنٹیشن تقریب میں متنازع بیان دینے پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔