اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے وضاحت کی ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا باب بند نہیں ہوا۔لاہور میں ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے اسکواڈ کے اعلان کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں جگہ صرف پرفارمنس کی بنیاد پر ملے گی۔
ان کے مطابق یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ بابر اور رضوان دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکتے، جو بھی کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا وہ ٹیم میں واپسی کا حق دار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کی سلیکشن پر مستقل پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔ اگر بابر اور رضوان دیگر کھلاڑیوں کی طرح اپنی کارکردگی بہتر کرتے ہیں تو وہ بھی دوبارہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ عاقب جاوید نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں سے بات چیت کی گئی ہے اور انہیں کھیل میں بہتری لانے کے لیے چند نکات پر رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔