اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی کرکٹر محمد شامی کی اہلیہ، حسین جہاں، جن کا اپنے شوہر سے کافی عرصے سے علیحدگی کا معاملہ چل رہا ہے، ان پر ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں اقدامِ قتل کا کیس درج کر لیا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے کی بنیاد ایک متنازع پلاٹ پر پیدا ہونے والے تنازع سے پڑی، جس کی ملکیت حسین جہاں کی پہلی شادی سے بیٹی، عرشی جہاں کے نام پر بتائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ایک خاتون گڈو بی بی نے اس زمین پر قبضے کی کوشش کی، جس پر دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔بتایا جاتا ہے کہ حسین جہاں نے اپنی بیٹی کے ہمراہ پلاٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کروا دی تھیں، جس پر تنازع بڑھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسین جہاں اور ان کی بیٹی نے گڈو بی بی کو تشدد کا نشانہ بنایا، اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ موقع پر موجود چند افراد نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ تاہم، اس ویڈیو کی صداقت کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔متضاد اطلاعات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ متنازع پلاٹ دراصل گڈو بی بی کی ملکیت تھا، اور حسین جہاں خود اس پر قبضے کی کوشش کر رہی تھیں۔تشدد سے متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر سر پر چوٹ آنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کو دونوں فریقین کی جانب سے شکایات موصول ہو چکی ہیں، جبکہ مقامی رہائشیوں نے بھی حسین جہاں کے خلاف مشترکہ درخواست جمع کرائی ہے جس پر کئی افراد کے دستخط ہیں۔ شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حسین جہاں محلے میں اکثر جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں دیتی ہیں، سخت زبان استعمال کرتی ہیں اور علاقائی امن کو متاثر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔پولیس حکام نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔