اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد آل راؤنڈر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا۔عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری قابلیت پر اعتماد کیا اور میں ورلڈ کپ2024تک ٹی20میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر غور کیا اور میں پاکستان کے لیے بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کے بعد عماد وسیم کو فون کیا اور انہیں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مشورہ دیا تھا۔شاہین نے عماد سے کہا کہ پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں آپ پاکستان کی طرف سے کھیلیں۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بھی آل راؤنڈر عماد وسیم سے رابطہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیں۔ذرائع نے بتایا کہ عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے مشورے کے لیے وقت مانگ لیا۔اس کے علاوہ عماد نے اس سلسلے میں چیف سلیکٹر اور کپتان کو اپنی شرائط سے آگاہ کرتے ہوئے گارنٹی مانگ لی۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی عماد وسیم کی شرائط پر سوچ بچار کریگا۔