نئی دہلی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کے بعد بھارتی مداح کرکٹر کی پہلی اہلیہ ثانیہ مرزا کے حق میں بول پڑے۔شعیب ملک نے ہفتہ کی صبح ہی ثنا جاوید سے دوسری شادی کا اعلان کیا ، اس کے علاوہ ان کے اہل خانہ نے تصدیق کی تھی شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے باقاعدہ طلاق ہوچکی ہے۔ثانیہ مرزا کے والد نے بھی بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خلع لی ہے۔
شعیب ملک کی جانب سے حیران کن طور پر ثنا جاوید سے شادی کے اعلان کے بعد بھارتی مداح ثانیہ مرزا کے حق میں بول پڑے اور شعیب کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔بھارت کے نامور انٹرٹینمنٹ اور لائف اسٹائل پلیٹ فارم پنک وِلا کی جانب سے بھی شعیب ملک کی دوسری شادی کی خبر پوسٹ کی گئی۔پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں ایک بھارتی مداح نے کہا کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے شادی کرکے بہت سارے خطرے مول لیے، لیکن شعیب ملک نیانہیں دھوکا دیا۔
ایک اور بھارتی صارف نے لکھا کہ شعیب ملک ثانیہ مرزا کے حقدار ہی نہیں تھے، ایک اور صارف نے لکھا کہ وہ ثانیہ مرزا کے ساتھ خوش ہیں، شکر ہے کہ ثانیہ مرزا خراب رشتے سے باہر آنے میں کامیاب ہوئیں۔صرف بھارتی مداح ہی نہیں بلکہ پاکستان مداحوں نے بھی ثانیہ مرزا کے حق میں ٹوئٹس کیں۔ایک صارف نے لکھا کہ وہ ثانیہ مرزا کے لیے اداس ہیں کیونکہ شعیب ملک کے ساتھ شادی کے وقت انہیں بھارتی مداحوں کی جانب سے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔