لاہور ( این این آئی) قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سے اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا، پی سی بی نے بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پلان بی بھی تیار کرلیا جس کے تحت دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم کی قیادت شان مسعود کو دی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کے لئے پی سی بی ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں ان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کو صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی۔تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کردیا۔ بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کے بعد میٹنگ سے چلے گئے۔بعدازاں بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر )پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی وہ لمحہ واضح طور پر یاد ہے جب 2019ء میں پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مجھے کال موصول ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سے اتار چڑھا دیکھے لیکن دنیائے کرکٹ میں پورے دل اور لگن سے پاکستان کے وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں پہلے نمبر پر پہنچنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔سابق کپتان نے کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کال کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔بابر نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ اہم ذمہ داری سونپی۔قبل ازیں ذکاء اشرف نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور عبوری انتظامی کمیٹی کے دیگر ارکان سے بھی ملاقات کی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پلان بی بھی تیار کرلیا ہے، جس کے تحت دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم کی قیادت شان مسعود کو دی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023ء کے دوران قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے ساتھ ساتھ پہلے ہی مرحلے کے دوران باہر ہونے کے بعد بابر اعظم کو قیادت سے ہٹائے جانے کی افواہیں زیر گردش تھیں۔
المی کپ میں بابر کے انداز قیادت پر بھی کافی سوالات اٹھے جہاں وہ افغانستان، آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف میچوں میں کئی مواقع پر اہم فیصلے نہ لے سکے اور ان کی جانب سے بالنگ میں کی گئی تبدیلیاں بھی کافی حیران کن رہیں جبکہ ٹیم سلیکشن کے معاملے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔جہاں عالمی کپ میں ایک طرف بالرز نے مایوس کن کھیل پیش کیا وہیں بابر کی اپنی پرفارمنس بھی انتہائی ناقص رہی اور وہ 9میچوں میں صرف 320 رنز اسکور کر سکے اور توقعات کے برعکس کسی بھی میچ میں فاتحانہ اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔