لاہور (یواین پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ جنوری 2021ء میں انگلینڈ کی درجہ اول کی ٹیم سری لنکا کا دورہ کررہی ہوگی اس لئے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ کی بی ٹیم پاکستا ن آئے گی۔ 75 سالہ احسان مانی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ
پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ٹیم بھیج کر انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ساری دنیا میں یہ پیغام دے گا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے جب کہ اس دورے میں ٹاپ ای سی بی حکام بھی پاکستان آئیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی سکیورٹی ٹیم اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کرے گی، ہمارے زمبابوے کے ساتھ بہت پرانے تعلقات ہیں، زمبابوے کا یہ پانچواں دورہ پاکستان ہے، میں زمبابوے کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔ یاد رہے کہ انگلینڈ نے آخری مرتبہ 2005ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی ہیں۔