کراچی(این این آئی) پاکستان نے ہاکی کے کھیل میں عالمی سطح پر خاتون امپائر متعارف کرانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ۔تفصیلات کیمطابق بینش حیات اب تک پچاس سے زائد انٹرنیشنل میچز میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں اور اب مینز ہاکی میچز میں بھی صلاحیتوں کے
جوہر دکھا رہی ہیں۔انہوں نے2012 میں انٹرنیشنل سرکٹ میں قدم رکھا، ایشین چیلنج کپ، ایشین ہاکی فیڈریشن انڈر ایٹین اور سیف گیمز میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے۔بینش حیات اب نیشنل ٹرے چمپئن شپ میں ذمہ داریاں نبھانے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی امپائرنگ کے دوران فخر ہوتا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرتی ہوں۔پاکستان کی پہلی خاتون ہاکی امپائر نے بتایا کہ اب تک وہ 51 سے زائد انٹرنیشنل میچز کروا چکی ہیں۔بینش حیات کے مطابق مردوں کے درمیان امپائرنگ کرنے سے کبھی ہچکچاہٹ نہیں ہوئی اور فیلڈ میں بیشتر کھلاڑی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔خاتون امپائر نے بتایا کہ میں نے مردوں کے ساتھ ہی کھیلنا شروع کیا تھا، میرا کوئی بھی فیصلہ ابھی تک چیلنج نہیں ہوا۔