راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 282 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے اور زمبابوے کو 282 رنز کا ہدف دیا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق
اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے تواس موقع پر عابد علی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔کپتان بابر اعظم نے 19 رنز بنا ئے اور وہ وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے 14 رنز اکٹھے کئے جبکہ افتخار احمد 12 رنزہی بنا سکے، حارث سہیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔فہیم اشرف اور عماد وسیم نے آخری اوورز میں انتہائی تیز رفتاری سے رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23 اور 34 رنز بنائے، اس طرح مقررہ پچاس اوورز میں پاکستان آٹھ وکٹ کے نقصان پر 281 رنز بنا سکا، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔زمبابوے کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی۔یا د رہے کہ بابر اعظم نے پہلی بار ون ڈے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ہے اور پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان انجری کی بدولت پہلا میچ کھیلنے سے قاصر رہے ہیں۔ زمبابوے ٹیم کی جانب سے بی آر ایم ٹیلر کے 112 رنز بھی ان کے کام نہ آ سکے یہ رنز انہوں نے 117 گیندوں پر بنائے اس میں گیارہ چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کامیاب باؤلر رہے انہوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہاب ریاض نے چار کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ عماد وسیم ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیج سکے۔