لاہور ( آن لائن ) سابق کپتان انضمام الحق کہتے ہیں کہ کسی ’انگلینڈ پلٹ‘ کو چیف سلیکٹر بنایا جائے گا۔ مصباح الحق گذشتہ روز چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے، اب اس اہم ذمہ داری کیلئے مختلف امیدواروں کی پیشنگوئی ہونے لگی ہے، سابق کپتان و چیف سلیکٹر
انضمام الحق نے تو واضح طور پر کہہ دیا کہ یہ عہدہ بھی کسی انگلینڈ سے واپس آنیوالے کو ہی دیا جائے گا۔ انھوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران بورڈ میں جتنی بھی تقرریاں ہوئیں ان میں سے 60 سے 70 فیصد وہی ہیں جوانگلینڈ میں رہتے یا وہاں پر کسی نہ کسی حیثیت میں کام کرچکے ہیں، میں آپ کو واضح اشارہ دے رہا ہوں کہ نیا چیف سلیکٹر بھی وہی ہوگا جس نے انگلینڈ میں کافی وقت گزارا ہو، بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان ان لوگوں پرزیادہ اعتماد کرتے ہیں جوانگلینڈ میں رہ چکے ہوں، اگر آپ نئی مینجمنٹ کی جانب دیکھیں تو 10 میں سے 6 کا تعلق انگلینڈ سے ہی ہے۔دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو یقین ہے کہ نئے چیف سلیکٹر محمد اکرم ہوں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد اکرم انگلینڈ میں ہی سکونت پذیر اور اس وقت پشاورزلمی کے ٹیم ڈائریکٹر ہیں۔ سابق پیسر نے ٹویٹ کیا کہ مجھے ذرائع نے بتایاکہ محمد اکرم ہی نئے چیف سلیکٹر ہوں گے، اس اہم ذمہ داری کے لئے میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں،انھوں نے پشاور زلمی اور دیگر پروجیکٹس پر عمدگی سے کام کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اکرم اس عہدے کیلیے بہترین ثابت ہوں گے اور پاکستان کیلیے اچھے نتائج دیں گے۔