ہرارے (یواین پی) زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورہِ پاکستان کے لیے20 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے،سکواڈ میں سعودی نژاد زمبابوین کھلاڑی فراز اکرم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق ٹیم کی قیادت چاموچی بھابھا کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں
سکندر رضا، فراز اکرم، ریان برل، بران چاری، دیندائی چاٹارا،ایلٹن چگمبرا، تیندائی چیسورو، کریگ ایروین، کامون ہوکاموے، ویسلے میڈہیور،ویلنٹنگن مساکاڈزا، کارل ممبا، رچمنڈ متمبامی، بلیسنگ مازارابانی، رچرڈ ناراوا، ملٹن شومبا، برینڈن ٹیلر، ڈونلڈ تیریپانو اور شاون ویلیمز شامل ہیں۔واضح رہے کہ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز شیڈول ہیں، ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم، راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کردی گئی ہے، یہ میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو اب قذافی سٹیڈیم،لاہور میں کھیلے جائیں گے۔