لاہور( این این آئی )سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ ملک فیصل خورشید کی قیادت میں کرکٹرز اور مختلف کرکٹ کلبوں کے نمائندوں نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹیمیں ختم کرکے ڈومیسٹک کرکٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز
کی ٹیمیں متعارف کرواکر ہزاروں کرکٹرز سمیت کوچز اور کرکٹ کے کھیل سے وابستہ دیگر افراد کو بے روز گارکرنے اورگراس روٹ لیول سے کرکٹ کے کھیل کو تباہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔پرامن احتجاجی مظاہرے میں شریک کرکٹرز اور آفیشلز نے چیف جسٹس آف پاکستان سے پی سی بی کی کھیل و کھلاڑی دُشمنی پر مبنی پالیسیوں سمیت گراس روٹ لیول سے ملکی کرکٹ کی تباہی پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک کرکٹرز اور آفیشلز کا کہنا تھا کہ اگر سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بحال نہ کیا اور گراس روٹ لیول سے کرکٹ کی تباہی کو روکنے میں اپنا کردار ادانہیں کیا تو کرکٹرز اور مختلف کرکٹ کلبوں کے نمائند ے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کواٹر قذافی اسٹیڈیم کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے ۔سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ ملک فیصل خورشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان کی پالیسیوں نے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے ،پچھلے دو سال سے پورے پاکستان میں کسی بھی ڈسٹرکٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی کلب ٹورنامنٹ تک نہیں کروا سکا جس سے کرکٹرز نے گراونڈ میں بھی آنا چھوڑ دیا ہے جس سے گرائونڈز ویران ہو گئے ہیں۔