لاہور( آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کا اضافی عہدہ واپس لینے پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئے چیف سلیکٹر کیلئے شعیب اختر مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں اور پی سی بی نے چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے شعیب اختر سے رابطہ بھی کیا ہے۔شعیب اختر نے پی سی بی سے رابطے کی تصدیق کی ہے تاہم پی سی بی اور شعیب اختر کے
درمیان معاملات ابھی طے نہیں ہوسکے۔ اطلاعات ہیں کہ شعیب اختر نے پی سی بی کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق انگلینڈ میں خراب پرفارمنس کے بعد ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے ایک عہدہ واپس لینے کا مطالبہ پھر زور پکڑنے لگا جس کے بعد پی سی بی نے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ایک عہدہ واپس لینے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔مصباح پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے ایک عہدہ واپس لینے کے لیے بورڈ منصوبہ بندی کر رہا ہے حالانکہ مصباح الحق کی معاونت کے لیے اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ سے لیکر بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور اسپن بولنگ کوچ تک تمام سرکردہ لوگ موجود ہیں جبکہ سلیکٹرز میں 6 صوبائی ایسوسی ایشنز کی کوچز شامل ہیں۔مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں واپس لی جا سکتی ہیں اور اس عہدے کیلئے شعیب اختر کا نام گردش کر رہا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے2019 میں مصباح الحق کو 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔ مصباح الحق پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ 5 رکنی پینل کا متفقہ انتخاب تھے۔