لندن (این این آئی)انگلینڈ کے سابق آل راونڈر ڈیوڈ کیپل طویل علالت کے بعد گزشتہ روز 57 سال کی عمر میں چل بسے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے سابق آل راونڈر ڈیوڈ کیپل کو 2018 میں برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔1981 میں دورہ سری لنکا سے اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے ڈیوڈ کیپل نے اپنے ملک کے لیے 15 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
انہوں نے کیریئر بیسٹ 98 رنز 1987 میں پاکستان کے خلاف کراچی میں بنائے تھے۔ انہوں نے 1987 میں لیڈز میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 313 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلے جس میں انہوں نے 546 وکٹیں حاصل کیں اور 12,202رنز بنائے۔ انہوں نے 345 لسٹ اے میچز بھی کھیلے تھے۔ڈیوڈ کیپل 1998 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے سبکدوش ہو گئے، اس کے بعد انہوں نے 1999 میں کاونٹی کے ڈائریکٹر ایکسلینس کے فرائض سرانجام دیئے اور 2006 میں وہ نارتھمپٹن شائر کے ہیڈ کوچ بن گئے تھے۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مداحوں اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ انگلش کرکٹ فیملی اور خاص طور پر نارتھنٹس سی سی سی سے وابستہ افراد کے لیے انتہائی افسوسناک خبر ہے۔ ڈیوڈ کیپل اپنے دور کے بہترین آل راونڈر ز میں سے ایک تھے اور اس نے کرکٹ کے ساتھ حیرت انگیز 33 سال گزارے۔انہونے کہاکہ مجھے ڈیوڈ کیپل کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ ایک زبردست مسابقتی اور پرعزم کرکٹر تھے۔ اپنے پرعزم رویہ کی وجہ سے ڈیوڈ کیپل نے اپنی بیماری سے لڑائی میں حصہ لیا ٹام ہیریسن نے کہا کہ میں ان کے ساتھ گزارے وقت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔