راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر)خالد سجاد کھوکھر نے ملاقات کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر پی ایچ ایف نے آرمی چیف کو ملک بھر میں ہاکی کے کھیل میں کھویا ہوا مقام
بحال کرنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے بریف کیا ۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں بالخصوص ہاکی کو سپوٹ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہاکی کے کھیل کی بحالی کیلئے پرعزم ہے اور اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاناچاہئیے ۔آرمی چیف نے فوج کے ویلفئیرفنڈ سے پی ایچ ایف کو پانچ کروڑروپے دینے کا اعلان بھی کیا ۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کے کھیل کے فروغ کیلئے مسلسل تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کھیل کی بہتری کے لئے کوششیں تیز کرنے کا اعادہ کیا ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج پہلے ہی راولپنڈی اوراوکاڑہ میں 2 آسٹروٹرف اسٹیڈیم بنا چکی ہے جو پی ایچ ایف کے لئے دستیاب ہیں ۔