ڈھاکہ( آن لائن )پاکستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نے پیر کو بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں شاندار کارکردگی کے بعد تاریخ رقم کردی ہے۔فاسٹ بولر نے 6 وکٹیں لیں اور کھلنا ٹائیگرز کو راج شاہی رائلز کے خلاف 27 رنز سے فتح دلائی۔ محمد عامر نے اپنے چار اووروں میں 17 رن دے کر 6 کھلاڑی آوٹ کیے ۔عامر کی یہ پرفارمنس بنگلہ دیش پریمر لیگ میں کسی بھی باولر کی
جانب سے بہترین باولنگ کا مظاہرہ ہے۔عامر نے لٹن داس ، عفیف حسین ، شعیب ملک ، آلوک کپل ، آندرے رسل ، اور تجول اسلام کی وکٹیں حاصل کیں۔محمد عامر کی یہ کارکردگی کسی بھی پاکستانی باولر کی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسری بہترین کارکردگی ہے۔اس سے قبل سہیل تنویر نے انڈین پریمیر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں راجستھان رائلز کی جانب سے چنائی سپر کنگز کے خلاف محض14رنز کے عوض6 شکار کیے تھے،آل راونڈر فہیم اشرف نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف19 رنز کے عوض6 کھلاڑیوں کو پوویلین واپس بھیجا،پاکستانی سپیڈ سٹار عمر گل نے 2018 میں پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 24 رنز کے عوض 6 شکار کیے تھے-