کراچی(این این آئی)پاکستان کے لیجنڈ بیٹسمین اور سابق کپتان جاوید میانداد نے موجودہ کرکٹ کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ہی دیکھ لیں انہوں نے ملک میں کرکٹ کا کیا حشر کیا ہوا ہے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے جاویدمیاں دادنے کہا کہ ملک میں وزیراعظم کی ہدایت پر ڈپارٹمنٹنل کرکٹ بند کرنے سے ہماری کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے۔انہوں نے آسٹریلیا میں شکست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست کا
ذمہ دار کپتان اظہر علی کو ٹھہرانا درست نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اگر پوری ٹیم ہی صرف 70 اسکور کرکے آؤٹ ہوجائے تو اِس میں کپتان کیا کر سکتا ہے۔جاوید میاندادنے کہاکہ سرفراز احمد بہترین وکٹ کیپر ہیں اور ان کی ٹیم میں واقعی جگہ بنتی ہے، سرفراز کو قومی کرکٹ ٹیم سے نکال کر ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔جاوید میانداد نے اپنی گفتگو کے آخر میں مصباح الحق کے عہدے پر بات کی اور کہا کہ مصباح الحق کو ایک ساتھ تین عہدے دینا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔