سڈنی(این این آئی)آسٹریلیا کے ساحلی علاقوں میں ژالہ باری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، کرکٹ بال کے سائز کے بڑے بڑے اولوں سے گھروں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔آسٹریلیا کے علاقے کوئنز لینڈ کے ساحل گولڈن بیچ پر موسم اچانک تبدیل ہو گیا اور طوفانی ہواوں کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بڑے
بڑے اولے تیزی سے زمین پر پڑنے لگے جیسے برف کی بمباری ہو رہی ہو، شدید ژالہ باری کے سبب متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لوگوں نے گھروں میں چھپ کر پناہ لی۔تیز ہواوں اور طوفان سے مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا تاہم حادثے یا کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، عینی شاہدین کے مطابق اولوں کا سائز کرکٹ بال کے برابر تھا۔