لاہور( آن لائن )سابق کپتان راشد لطیف نے انکشاف کیا کہ رخصت ہونے والے مکی آرتھر کے مشورے پر عمل درآمدکرتے ہوئے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کیساتھ چیف سلیکٹر بھی مقرر کیا گیا۔سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کا تصور تھا کہ سلیکشن کے معاملات بھی
ہیڈکوچ کو ہی دیکھنا چاہیں لیکن اس وقت انضمام الحق کو برقرار رکھا گیا، ایک ٹی پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ کراچی کنگز میں مکی آرتھر کیساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، جانتا ہوں کہ وہ اس تصور کے حامی اور بات بھی کرتے تھے کہ ہیڈکوچ کو ہی سلیکشن کا اختیار ملنے سے مسائل میں کمی ہوسکتی ہے،بہرحال مصباح الحق کے کندھوں پر اب دہری اور بھاری ذمہ داریاں ہیں،ان کو ٹیلنٹ کی تلاش کیساتھ تینوں فارمیٹ کی قومی ٹیموں کیلیے موزوں کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کرنا ہوگا۔یاد رہے کہ مکی آرتھر کی کوچنگ کے دور میں انضمام الحق کی جانب سے پلیئنگ الیون کے انتخاب میں مداخلت کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، سابق چیف سلیکٹر اکثر 15رکنی سکواڈ منتخب کرنے کے بعد سیریز کھیلنے میں مصروف ٹیم کے پاس سرکاری دورے پر پہنچ جاتے تھے، اس ضمن میں اختلافات کی چنگاریاں کبھی کبھار نظر بھی آجاتی رہیں۔