مانچسٹر( آن لائن )سٹار انگلش آل رائونڈر بین سٹوکس نے کہا ہے کہ اگر ایشز سیریز کا ٹائٹل نہ جیت سکے تو میرے لئے تیسرے ٹیسٹ کی میچ وننگ اننگز بے معنی ہو گی۔ سٹوکس نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں 135 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔ اپنے ایک بیان میں سٹوکس نے کہا کہ کینگروز کے خلاف تیسرا ایشز ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد اگلا ہدف ایشز سیریز کا ٹائٹل جیتنا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو بقیہ دونوں میچز میں خوب جان لڑانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی
ٹیم مضبوط اور متوازن ہے، دوبارہ ایشز ٹائٹل جیتنے کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر سکتے بلکہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشز سیریز کا ٹائٹل جیتنے کے بعد میں تیسرے ٹیسٹ کی میچ وننگ اننگز پر مطمئن ہوں گا اور اگر ہم اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے تو میری اننگز بے کار ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بحیثیت سینئر پلیئر میری کوشش ہو گی کہ سیریز کے بقیہ دونوں میچز میں بھی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔