کولمبو ( آن لائن )سری لنکن سپنر اجنتھا مینڈس نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 34 سالہ سپنر نے 2008 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2015 میں آخری مرتبہ سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن انجری مسائل کے باعث وہ کیریئر کو طول نہ دے سکے۔مینڈس کو 19 ٹیسٹ، 87 ون ڈے اور 39 ٹی
ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے اور انہوں نے ٹیسٹ میں 70، ون ڈے میں 152 اور ٹی ٹونٹی میں 66 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز حاصل ہے، اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں دو مرتبہ چھ، چھ وکٹیں لینے والے واحد بائولر بھی ہیں۔