اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے کرکٹ میچز میں فکسنگ اور کرپشن کے معاملے پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے اینٹی کرپشن یونٹ کی تیارکردہ کارکردگی رپورٹ میں گزشتہ 5 سالوں کے اعداد وشمار دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں چھ کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حوالہ بھی دیا گیاہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے مطابق کرکٹر شاہ زیب خان کو 1 سال اور شرجیل خان کو 5 سال کے لیے نا اہل قرار دیا گیا،شاہ زیب خان کو ڈھائی سال کے لیے معطل بھی رکھا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ خالد لطیف کو 5
سال اور ناصر جمشید کو 10 سال کے لیے نا اہل قرار دیا گیا، محمد عرفان کو 1 سال کے لیے نا اہل 6 ماہ کے لیے معطل بھی کیا گیا۔ محمد نواز کو ایک ماہ کے لیے نا اہل قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کو ڈومیسٹک کرکٹ میں متعارف کرا دیا گیا ہے، کرپشن کے خلاف کھلاڑیوں، آفیشلز،سٹاف اور فرنچائزرز کو متواتر لیکچرز بھی دیئے جاتے ہیں،اینٹی کرپشن یونٹ آئی سی سی سے رابطے میں رہتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ تمام نشر ہونے والے میچز کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کرتا ہے،کسی بھی مشکوک حرکت یا اقدام پر فوری تحقیقات کی جاتی ہے۔