لیڈز( آن لائن ) بین اسٹوکس کی ورلڈ کپ کے بعد ایک اور تاریخی اننگز،135رنز کی بدولت انگلینڈ نے یقینی ہارے ہوئے لیڈز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے ہرادیا ، کرکٹ ماہرین نے ناممکن کو ممکن بنانے پر تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کو کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بہترین
ٹیسٹ میچ قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔لیڈز میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 359 رنز کا ہدف دیا تھا جو انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا ہے۔میچ کی چوتھی اننگ کے دوران جب ایک کے بعد ایک کھلاڑی آٹ ہونا شروع ہوا تو سب کو یہی امید تھی کہ اس بار کی ایشز سیریز آسٹریلیا کے نام رہے گی لیکن مڈل آرڈر بلے باز بین سٹوکس نے بھرپور جان لڑائی اور اسے تاریخ کا سب سے دلچسپ ٹیسٹ میچ بنادیا۔بین سٹوکس نے 135 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور لوئر آرڈر بلے بازوں کے ساتھ مل کر 359 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ میچ کے دوران ایک طرف تو بین سٹوکس جم کر کھڑے رہے لیکن دوسری طرف 5 کھلاڑی 53 رنز بنا کر آٹ ہوگئے۔سٹوکس نے پھر بھی ہمت نہ ہاری اور آخری دم تک لڑتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنا ر کرادیا۔ خیال رہے کہ یہ وہی بین سٹوکس ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ کرکٹ کی موجد ٹیم کو پہلی بار عالمی چیمپیئن بنوایا تھا۔