نئی دہلی(آن لائن )ماضی میں پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق کے کامیاب جوڑی دار رہنے والے بھارتی پلیئر روہن بوپنا نے کہاکہ مجھے ڈیوس کپ کے لیے پاکستان میں کھیلنے پر کوئی سکیورٹی خدشات نہیں ہیں۔ڈبلز سپیشلسٹ روہن بوپنا نے کہا کہ مجھے پاکستان میں ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے پر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، میں ہمیشہ وہاں لطف اندوز ہوا اوروہ بہترین میزبان ہیں، میں پاکستان جاکر ان مقابلوں کو کھیلنے میں نگاہیں مرکوز کیے ہوئے ہوں۔انھوں نے کہا کہ میری اعصام سے بھی بات ہوئی۔
وہ میرا بہت اچھا دوست ہے، اس نے مجھ سے کہاکہ سب ٹھیک ہوگا میں وہاں پہلے بھی کئی بار جا چکا اور ہمیشہ بڑی اچھی میزبانی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم 55 برس بعدایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی کے لیے ستمبر میں پاکستان کی مہمان بنے گی۔یاد رہے کہ اعصام الحق اور روہن بوپنا کی جوڑی نے کئی ٹائٹلز اپنے نام کیے تھے اور ان کے کیریئر کا یادگار ترین لمحہ2010میں یو ایس اوپن ڈبلز کا فائنل کھیلنا تھا جہاں ان کو امریکی برائن برادرز کی جوڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔